9محرم کے جلوس و مجالس، شہداء کربلا کی عظمت کو سلام

32

نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی شہادت کے غم میں ملک بھر میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہوگیا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوگا۔

پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے آغاز کے بعد یہ جلوس سراج بلڈنگ پر مختصر پڑاؤ اور نماز ظہرین ادا کرے گا، پھر اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک ، سول سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی پہنچے گا جہاں نماز مغربین ادا کی جائے گی۔

اس کے بعد یہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پراختتام پذیر ہوگا جہاں مجلس عزا ہوگی جس کے بعد شرکاء واپس اسی روٹ سے پانڈو سٹریٹ پہنچیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی پنجاب کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جلوس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔

کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا  جو حسینیہ ایرانیان کھارادر کی جانب رواں دواں ہے۔ جلوس میں  نوحہ خوانی سے سید الشہداء اور ان کے جاں نثاروں کو خراجِ عقیدت  پیش کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے جبکہ  لاہور میں بھی 9 محرم الحرام کا جلوس خیمہ سادات کی جانب گامزن ہے۔

پشاور میں مرکزی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوگیا ہے۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزا سے برآمد ہوا۔

روہڑی میں امام بارگاہ شاہِ عراق سے ساڑھے پانچ سو سال قدیمی نو ڈھالہ تعزیے کا جلوس برآمد ہوا، جلوس کے شرکا دو مقامات پر پڑاؤ ڈالنے کے بعد آج رات میدان کربلا میں قیام کریں گے۔

میانوالی میں نویں محرم الحرام کا ایک صدی قدیم جلوس دریائے سندھ میں کشتیوں پر برآمد ہوا ۔

ملتان، حیدرآباد، ہنگو، گلگت، اسکردو، مظفر آباد اور ڈیرا اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں مجالس برپا ہوئیں اور ماتمی جلوس نکالے گئے۔

سکھر میں گھٹنوں تک بارش کے پانی میں جلوس برآمد  ہوا، ملک بھر میں دودھ اور شربت کی سبیلیں قائم  کی گئیں، نذر و نیاز کا اہتمام  ہوا، حساس علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.