گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نےایکسپو سنٹر لاہور میں دو روزہ “پاکستان کیمیکل ایکسپو 2023” کا افتتاح کردیا

738

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ کیمیکل سیکٹر میں ترقی کے مواقع اور ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے لازم ہے کہ کیمیکل انڈسٹری کے لیے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

وہ پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقدہ دو روزہ “پاکستان کیمیکل ایکسپو 2023” کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی بھی موجود تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کیمیکل انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور تجارتی امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے اس ایکسپو کا انعقاد درست سمت میں ایک بروقت اور موزوں قدم ہے۔ یہ نمائش پاکستان کی کیمیکل انڈسٹری کو بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے اور اسے عالمی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی کیمیکل انڈسٹری اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے ماحول کی بہتری کے لیے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف پر نہ صرف عمل کرتی ہے بلکہ ہمیشہ سے ان پر کاربند رہی ہے۔

مجھے امید ہے کہ PCMA صنعت اور حکومت کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بین الاقوامی سطح پر نئے مواقع تلاش کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرتا رہی گی ۔اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ترقی اور بہتری کی جانب اس سفر میں حکومت نہ صرف آپ کی ہر ممکن مدد کرے گی بلکہ کیمیکل انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے مراعات اور سہولیات بھی متعارف کرائے گی۔
پاکستان کیمیکلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جے کمار، سینئر ممبران ہارون علی خان، خالد پرویز، قاضی خالد، ظفر محمود سمیت سرکاری افسران ، ملک کے مختلف ایوان صنعت و تجارت اور بزنس ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

پی سی ایم اے کے چیئرمین جئے کمار نے کہا کہ اس ایکسپو میں کیمیکل سیکٹر سے متعلق 100 سے زائد صنعتوں اور معروف یونیورسٹیوں کے متعلقہ شعبہ جات نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں اور 15 سے زائد ممالک کے نامور سائنسدان اپنی جدید تحقیق کانفرنس میں شیئر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی ایم اے کے پلیٹ فارم سے سعودی عرب سے پہلی دفعہ پاکستانی کرنسی میں خام مال درآمد کیا گیا ہے. کیمیکل سیکٹر سے صحیح معنوں میں افادیت حاصل کرنے کے لئے پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نہ صرف طویل المدتی پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پراجیکٹس کی وکالت کر رہی ہے بلکہ پاکستان میں موجود وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے بائیو اکانومی پراجیکٹس بھی متعارف کروا رہی ہے۔

ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول PCMA کی مشاورت سے ایک جامع اور مربوط کیمیکل پالیسی بنائے تاکہ اس صنعت کو فروغ دینے حائل میں رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور اس صنعت میں ترقی کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.