کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر نے ٹورنٹو اور واشنگٹن میں اپنے کنسرٹ منسوخ کردیے
کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر نے ٹورنٹو اور واشنگٹن میں اپنے کنسرٹ منسوخ کردیے ہیں، جبکہ ان کا دورہ بھارت بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔28 سالہ جسٹن بیبر کو رواں سال مئی سے اگلے برس مارچ تک ورلڈ ٹور کرنا تھا۔
تقریباً ایک سال پر محیط اس ورلڈ ٹور کے دوران 40 ممالک میں ان کے 125 پروگرامز طے ہیں۔
ان مجوزہ پروگرامز کے 13 لاکھ سے زائد ٹکٹ بھی فروخت ہوچکے ہیں۔
تاہم انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک عجیب مرض لاحق ہوگیا ہے جس سے اُن کا آدھا چہرہ مفلوج ہوگیا۔
اس بیماری کو ریمسے ہنٹ سنڈروم کہتے ہیں، یہ بات جسٹن بیبر نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بتائی۔
خیال رہے کہ 18 اکتوبر کو جسٹن بیبر نے بھارت میں بھی پرفارم کرنا ہے لیکن وہ فی الحال ٹورنٹو اور واشنگٹن کے کنسرٹ منسوخ کرکے آرام کر رہے ہیں۔
قبل ازیں کینیڈین گلوکار نے مئی 2017 میں ممبئی میں کنسرٹ کیا تھا۔