امریکی ڈالر کی اونچی اڑان رک نہ سکی، روپے کے مقابلے میں ڈالر 190 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد ڈالر نے تاریخ کی بلند ترین سطح حاصل کرلی ہے، قبل ازیں یکم اپریل کو سیاسی انتشار کے سبب ڈالر 188 روپے 25 پیسے پر پہنچا تھا۔
کراچی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 190 روپے 10 پیسے کی ریکارڈ سطح پر آگیا ہے۔
ڈائریکٹر عارف حبیب گروپ احسن محنتی نے میٹیس گلوبل کو بتایا ہے کہ تیل کے زیادہ درآمدی بل اور سعودی پیکج سے متعلق قیاس آرائیوں کی وجہ سے روپیہ دباؤ کا شکار ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں مندی
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں بھی مندی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، 100 انڈیکس 500 سے زائد پوانٹس کی کمی سے 42 ہزار 900 پوانٹس پر آگیا۔
ایکسچنج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سربراہ ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے بات چیت میں تاخیر سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 10 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں اگر پروگرام میں توسیع نہ ہوئی تو روپے پر بہت زیادہ دباؤ آسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی منیجرز حالات کو کنٹرول میں کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔