پولیس کا پاکستانی نوجوان کوایک بزرگ شہری کی جان بچانے پر ایوارڈ دینے کا اعلان،کیلیفورنیا 

237

امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لیور مور میں مقامی پولیس نے ایک پاکستانی نوجوان بلال شاہد کو 72 سالہ بزرگ شہری کی جان بچانے پر ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، لیورمور میں ایک 72 سالہ شہری فٹ پاتھ پر چہل قدمی کرتے ہوئے گر کر بے ہوش ہوگئے اور اسی دوران بلال شاہد نامی ایک پاکستانی نوجوان شہری اپنی فیملی کے ساتھ وہاں سے گزرہے تھے۔

اس پاکستانی نوجوان نے جب ایک بزرگ شہری کو بے ہوش پڑے دیکھا تو رُک کر مدد کرنے کے لیے پہنچ گئے۔

بلال شاہد نے دیکھا کہ بزرگ شہری کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہے اور ان کی نبض بھی رُکتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے تو فوراََ میڈیکل ایمرجنسی کے لیے ہیلپ لائن پر فون کیا اور شہری کی نازک حالت کے بارے میں آگاہ کیا۔

فون کال پر آفیسر نے پاکستانی شہری سے بزرگ شہری کو فوری طور پر کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) دینے کو کہا۔

تاہم، بلال کو اس طریقہ کار کا علم نہیں تھا تو اس لیے آفیسر نے کال پر بلال کو طریقے کار کو سمجھایا اور اس پر عمل کرنے کو کہا۔

جس کے بعد تھوڑی ہی دیر میں طبی عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور بزرگ شہری کو فوری طبی امداد مہیا کی گئی۔

میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ ’پاکستانی نوجوان کی مدد سے بزرگ شہری کو سی پی آر دینے کی وجہ سے نبض بحال ہوئی اور ان کی جان بچانے میں کامیابی ہوئی‘۔

بعد ازاں بزرگ شہری کے گھر والوں نے سوشل میڈیا کی مدد سے بلال شاہد کا پتا لگایا اور ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے تحائف بھجوائے۔

اس حوالے سے بلال شاہد نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’بزرگ شہری کی جان بچانا میرے لیے ایک اعزاز تھا‘۔

جبکہ مقامی پولیس نے بزرگ شہری کی جان بچانے میں فوری مدد کرنے پر بلال کو انعام دینے کا اعلان کیا۔

ایوارڈ کی تقریب 9 مئی کو لیورمور سٹی کونسل میں ہوگی۔

دوسری جانب بلال شاہد کے اس عمل کی شہری بھی تعریفیں کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بلال کا تعلق کراچی سے جو کہ پچھلے کئی سالوں سے لیورمور میں مقیم ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.