پاکستان کے معروف کامیڈین علی گُل نے شہباز گل پر طنزیہ وار کردیا
پاکستان کے معروف کامیڈین، گلوکار، اداکار و میزبان علی گُل پیر نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر طنزیہ وار کردیا۔
علی گل پیر نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شہباز گل کی تصاویر شیئر کیں جن میں سے پہلی تصویر میں شہباز گل کو حادثے کے مقام پر صحیح حالت میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اگلی تصویر میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر ان کی گردن میں کالر اور ہاتھ پر پلاسٹر ہے۔
ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے علی گُل پیر نے کہا کہ ’شہباز گل کا کیس اُن کی ریورس ریکوری کے ساتھ کافی دلچسپ ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’حادثے کے وقت وہ ٹھیک ہیں اور بوتلیں کھول رہے ہیں لیکن حادثے کے ایک دن بعد شہباز گل کی حالت خراب ہوگئی اور ہاتھ ٹوٹ گیا۔‘
علی گل پیر نے مزید کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ پرویز الہٰی کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔‘
واضح رہے کہ موٹر وے پر تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں شہباز گل سمیت گاڑی میں سوار دیگر افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
حادثے کے بعد موٹر وے پر الٹی گاڑی اور شہباز گل کے ہاتھ میں پانی کی بوتل تھامے تصاویر سوشل میڈیا پر زیر گردش رہیں جبکہ تصاویر میں شہباز گل کو حادثے کے مقام پر صحیح حالت میں دیکھا گیا۔ تاہم جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر شہباز گل مختلف نظر آئے۔
اس دوران ان کی گردن میں کالر اور ہاتھ پر پلاسٹر دیکھا گیا جبکہ وہ لاٹھی کے سہارے چلتے ہوئے عدالت پہنچے۔