نوابشاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ ، 29 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

71

کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں نواب شاہ کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 29 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، حادثے میں ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔

اس حوالے سے ڈی ایس ریلوے محمود الرحمان کا کہنا ہے کہ نواب شاہ کے قریب 10 بوگیوں کے پٹری سے اترنے کی اطلاعات ہیں، اس حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

ڈی ایس ریلوے محمود الرحمان کا کہنا ہے کہ لوکوشیڈ روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ روانہ ہو رہی ہے، حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے جبکہ مقامی پولیس کے مطابق ہزارہ ایکسپریس میں سوار مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے۔

ٹرین میں موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس میں بہت زیادہ مسافر سوار تھے اور ٹرین حادثے کے باعث قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد  کو پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

مقامی ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹرین حادثے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ حادثے میں اموات کا بھی خدشہ ہے جبکہ ایس پی سانگھڑ نے حادثے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین کی بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے میں 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پڈ عیدن میں بھی علامہ اقبال ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.