مویشی منڈیوں میں لمپی سکن وائرس کی روک تھام کے لیے ہونے والے اقدامات کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ

237

عید الاضحی کے لیے لگائی گئی مویشی منڈیوں میں لمپی سکن وائرس کی روک تھام کے لیے ہونے والے اقدامات کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ۔ سیکرٹری محکمہ لائیو اسٹاک اسداللہ خان کی ہدایت پر سینئیر افسران کو مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے بعد پنجاب میں بھی لمپی سکن وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام اور عید الاضحی کے لیے لگائی گئی مویشی منڈیوں میں لمپی سکن کے خطرات کو کم کرنے کے لیے سیکرٹری لائیو اسٹاک کیپٹن ریٹائرڈ اسداللہ کی جانب سے منڈیوں میں ہونے والے اقدامات کی مانیٹرنگ کے لیے لاہور راولپنڈی گجرانوالہ فیصل آباد ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن کے لیے اعلی افسران کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

لاہور ڈویژن میں ڈاکٹر احتشام الحق راولپنڈی میں ڈاکٹر ندیم بدر گجرانوالہ میں ڈاکٹر عبدالرحمن فیصل آباد ڈویژن میں ڈاکٹر محمد اشرف ساہیوال ڈویژن میں ڈاکٹر یوسف اور سرگودھا ڈویژن میں ڈاکٹر ساجد مویشی منڈیوں میں محکمہ لائیو اسٹاک کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے اور لمپی سکن سے متعلقہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ متعلقہ افسران اپنی اپنی ڈویژن میں موجود مویشی منڈیوں کے دورے کریں گے اور رپورٹ بذریعہ ای میل اور وٹس ایپ ارسال کریں گے۔

افسران اپنی اپنی ڈویژنز میں موجود منڈیوں میں ویٹرنری اور پیرا ویٹرنری کے عملے کی چوبیس گھنٹے موجودگی کو یقینی بنائیں گے اور اس بات پر بھی عملدرآمد کروانے کے پابند ہوں گے کہ کوئی بھی جانور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر منڈی میں داخل نہ ہو۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن ریٹائرڈ اسد اللہ کی ہدایت پر باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیاہے۔اس سلسلہ میں انتظامی افسران نے پنجاب بھر میں اپنے دوروں کا آغاز کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل (توسیع) کی ٹیم نے لاہور ڈویژن میں مناواں، لکھوڈیر، برکی،ایل ڈی اے سٹی، فروٹ منڈی، رنگ روڈ پر قائم مویشی منڈیوں اور چیک پوسٹوں کا دورہ کیا اور لمپی سکن بیماری کی روک تھام بارے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر عبدالرحمان نے تحصیل نارووال اور شکرگڑھ، ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن ڈاکٹر سید ندیم بدر نے چکوال اور کلرکہار ، ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر محمد اشرف نے فیصل آباد ڈویژن، ڈائریکٹر بریڈ امپروومنٹ ڈاکٹر محمد یوسف نے ساہیوال میں عارف والا روڈ، قطب شاہانہ اور اوکاڑہ بائی پاس جبکہ رجسٹرار لائیو سٹاک بریڈنگ سروسز اتھارٹی ڈاکٹر ساجد اقبال نے سرگودھا ڈویژن میں موٹروے انٹرچینج، کوٹ مومن اور بھیرہ کے مقامات پر قائم منڈیوں و چیک پوسٹوں کے تفصیلی دورے کئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.