عمران خان کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور برطانیہ چلے گئے

97

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنانے والے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کیلئے برطانیہ چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق جج ہمایوں دلاور کی لندن ٹریننگ نامزدگی سے متعلق چار اگست کا خط سامنے آیا جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے جج کی جوڈیشل کانفرنس میں شمولیت کیلئے نامزدگی کی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے چار اگست کو خط سیشن جج کو لکھا۔

خط کے متن کے مطابق جج فیضان حیدر کی جگہ ٹریننگ کیلئے جج ہمایوں دلاور کا نام شامل کیا جائے، جج ہمایوں دلاور پانچ اگست سے 13 اگست لندن میں ٹریننگ میں شامل ہوں گے، یو کے کی یونیورسٹی آف ہل میں یہ ٹریننگ سیشن ہونا ہے۔

عدالتی ٹریننگ کا موضوع ’انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی‘ ہے، ٹریننگ کا تمام خرچہ کامن ویلتھ سیکرٹریٹ لندن کی جانب سے اٹھایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اسلام آباد سے ججز کی جوڈیشل کانفرنس شمولیت کا عمل دو ماہ سے جاری تھا اور کچھ ججز کو ویزہ نہ ملنے پر نام تبدیل کر کے دوسرے ججز کو شامل کیا گیا، پشاور میں بھی کچھ ججز کو ویزہ نہ ملنے پر نام تبدیل کئے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.