نیا الیکشن کمیشن بنا کر شفاف انتخابات کرائے جائیں، عمران خان

302

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے حمزہ شہباز کے ساتھ مل کر ہمیں ہرانےکی کوشش کی، صرف ایک راستہ ہےکہ نیا الیکشن کمیشن بنا کر انتخابات کرائے جائیں۔

عوام سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ صرف ہماری حکومت ہی نہیں ہٹائی گئی پورا پروگرام بنایا گیا کہ ہمیں اتنا دبایا جائےکہ اٹھ نہ سکیں، لیکن لوگ بجائے خوفزدہ ہونے کے ایک قوم بننا شروع ہوئے، جس طرح ضمنی الیکشن میں لوگ نکلے 2018 الیکشن میں بھی ایسا نہیں دیکھا، ہمیں ہرانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا، حمزہ شہباز کو غیرقانونی وزیراعلیٰ بنا کر بٹھایا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا معاشی انڈیکیٹرز ٹھیک جا رہے تھے، اکنامک سروے کے مطابق معاشی گروتھ 6 فیصد پر تھی، ہم ٹیکنالوجی زونز کو ترقی دے رہے تھے ، ہم نے کورونا میں لوگوں کی زندگی اور معیشت کو بھی بچایا، ہمارے ساڑھے تین سال میں ڈالر کی قیمت میں 50 روپے اضافہ ہوا تھا، ان کے ساڑھے تین ماہ میں ڈالر کی قیمت میں 53 روپے اضافہ ہوا، سوال ہے کہ جب ملک ٹھیک چل رہا تھا تو سازش کی اجازت کیوں دی گئی؟

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو طاقتیں سازش روک سکتی تھیں اس وقت ان کو آگاہ کیا تھاکہ جو معاشی بحران آئے گا یہ حکومت نہیں سنبھال سکےگی، ان کی وجہ سے تو ملک مشکل میں تھا، تب الیکشن کرادیے جاتے تو آج پاکستان کو اس بحران کا سامنا نہ کرنا پڑتا، صرف ایک راستہ ہے نیا الیکشن کمیشن بنا کر شفاف الیکشن کرائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم 8 مرتبہ الیکشن کمیشن گئے 8 دفعہ ہماری درخواستیں مسترد کی گئیں، 8 مرتبہ الیکشن کمیشن کے خلاف عدالت گئے اور ہماری درخواستیں منظور ہوئیں، جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں کمیشن بنا تھا، کمیشن نے بتایا کہ ساری دھاندلی پولنگ ختم ہونے کے بعد ہوتی ہے، ای وی ایم سے جیسے ہی پولنگ مکمل ہوتی رزلٹ آجاتا جس سے دھاندلی ختم ہوجاتی، ای وی ایم سے دھاندلی کے 130 طریقے رک جاتے ہیں، ای وی ایم لانےکی کوشش کی تو چیف الیکشن کمشنر نے مخالف کی اور ای وی ایم نہیں لانے دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.