شہزادہ اینڈریو کو بکنگھم پیلس سے نکالنے کی تیاری
برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے شہزادہ اینڈریو کو بکنگھم پیلس سے نکالنے کی تیاری کرلی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بادشاہ نے واضح کردیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو شاہی خدمات انجام نہیں دیں گے اور ان کا کرنل آف دی گرینڈئیور گارڈز کا عہدہ کوئن کنسورٹ کمیلا کو دے دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شہزادہ اینڈریو بکنگھم پیلس کو رہائش گاہ یا دفتر نہیں رکھ سکیں گے اور وہ خط و کتابت میں بکنگھم پیلس کواپنا پتا بھی نہیں بتاسکیں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے شہزادہ اینڈریو کو لڑکی سے جنسی تعلق کے اسکینڈل کا سامنا رہا ہے۔
گزشتہ برس امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ برطانوی شہزادہ اینڈریو نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔
ورجینیا نے نیویارک سٹی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہزادہ اینڈریو نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے نیویارک والے گھر میں اسے کمسنی میں جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔
شہزادہ اینڈریو نے کئی ملین پاؤنڈ رقم کے بدلے امریکا میں مقدمہ ختم کرا لیا تھا۔