لاہور/راجن پور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے راجن پور میں خفیہ آپریشن کے دوران 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی راجن پور کومصدقہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے5مبینہ دہشت گرد راجن پورکے علاقہ تھانہ روجھان کی حدود میں موجود ہیں اوروہ دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ کے ساتھ سیکورٹی اداروں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں‘ٹیموں کو دیکھ کر دہشت گردوں نے پولیس ٹیموں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔سی ٹی ڈی پنجاب پولیس کی ٹیموں نے جدید آپریشنل تکنیکوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنے آپ کو محفوظ کیا اور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجہ میں 2 مبینہ دہشت گردمردان کا رہائشی الیاس عرف عبداللہ اور تحصیل پنڈیالی ضلع مہمند ایجنسی کا رہائشی عرفان اللہ عرف قاری اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ باقی 3 دہشت گرد فرار اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان نے مزید کہاکہ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات،دہشتگردانہ کاروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضہ سے دھماکہ خیز مواد 1500 گرام‘ پرائما کورڈ9 فٹ‘ غیر الیکٹرک ڈیٹونیٹر ایک عدد‘کلاشنکوف بمعہ31 گولیاں‘پستول 30 بور بمعہ 20گولیاں اور‘سلوشن ٹیپ برآمد کئے گئے ہیں۔سی ٹی ڈی پنجاب نے ڈیرہ غازیخان میں مقدمات درج کر کے فرارہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ا
نہوں نے کہاکہ کلیدی کردار کے حامل پنجاب پولیس کے ذیلی ادارے سی ٹی ڈی نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے انتہائی پیشہ ورانہ مہارتاوراپنی عملی استعداد کو بروئے کار لاتے ہوئے ہیومین انٹیلی جنس اور دیگر ٹیکنیکل ذرائع کے ذریعے دہشت گردوں کے گروہ کے دو انتہائی اہم کارکنان کو نہ صرف بے نقاب کیا ہے بلکہ دہشت گرد افراد کے پر اثر علاقہ میں ابھرتے ہوئے نیٹ ورک کی کمر توڑ دی جو کہ سی ٹی ڈی پنجاب کی انتھک محنت اور ناقابل تسخیر قابلیت کو منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے‘پنجاب پولیس کا یہ مشن ہے کہ پاکستان کے امن و امان کے ہر دشمن کوملک کے کونے کونے سے گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا اور اس حوالے سے دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ شہری دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر اطلاع دیں۔