سوئی ناردرن گیس اور ایس ایل ایل کے درمیان ایل پی جی تقسیم کے معاہدے پر دستخط

385

لاہور: موسمِ سرما میں گیس صارفین کی مشکلات میں کمی کے لیے سوئی ناردرن گیس نے سوئی سدرن ایل پی جی لمیٹڈ(ایس ایل ایل) کے ساتھ ایل پی جی تقسیم کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر ایم ڈی سوئی ناردرن علی جے ہمدانی اور ایم ڈی سوئی سدرن عمران منیار کے علاوہ سوئی ناردرن کے ایس جی ایم (بی ڈی) سید جواد نسیم، ایس ایل ایل کے سی ایف او جلیس غالب اور ڈی جی ایم (ٹریژری) علی خان بھی موجود تھے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب کراچی میں سوئی سدرن گیس کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔ معاہدے پر ایم ڈی ایس ایل ایل عامر محمود اور سوئی ناردرن کے ایس جی ایم (ای ایس) عمران یوسف نے دستخط کیے۔

حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق اور ایم ڈی سوئی ناردرن علی جے ہمدانی کے بزنس میں تنوع لانے کے ساتھ ساتھ صارفین کو گیس فراہمی یقینی بنانے کے وژن کی روشنی میں سوئی ناردرن گیس ایل پی جی کو توانائی کے متبادل ذریعے کے طور پر متعارف کروارہی ہے۔ دنیا بھر میں گیس کی نایابی اور قیمتوں میں ناقابلِ یقین حد تک اضافے کے باعث یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن علی جے ہمدانی کی دوراندیش قیادت میں یہ سنگ میل ریکارڈ مدت میں حاصل کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر سوئی ناردرن گیس نے سوئی سدرن ایل پی جی لمیٹڈ (ایس ایل ایل ) کے تقسیم کار کی حیثیت سے ایل پی جی کاروبار کا آغاز کرتے ہوئے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ایک لاکھ سلنڈر کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ سوئی ناردرن گیس کوالٹی اور تحفظ کے اعلیٰ ترین معیارات پر عمل پیرا رہتے ہوئے کنٹرولڈ قیمت میں پوری مقدار میں گیس کی فراہمی کی ضمانت دے گی جس سے بلیک مارکیٹنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

سوئی ناردرن گیس صارفین کے مکمل اطمینان کو یقینی بنائے گی۔ صارفین سوئی ناردرن کی ویب سائٹ و موبائل ایپ، آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس، واٹس ایپ اور فون کال کے ذریعے بھی سلنڈر کی خریداری کرسکیں گے۔ سلینڈرز کو جلد از جلد صارفین کے گھر کی دہلیز پر ڈلیور کیا جائے گا۔ کسٹمر مراکز کی تفصیلات کے اعلان جلد سوئی ناردرن گیس کی عوامی آگاہی مہم میں کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.