روس اور یوکرین جنگ میں دسمبر سے لے کر اب تک20 ہزارروسی فوجی ہلاک:امریکا
امریکی اعدادو شمار کے مطابق روس اور یوکرین جنگ میں دسمبر سے لے کر اب تک روسی فوج کے 20 ہزار اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے نئی خفیہ معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کی وجہ سے روس کی ایک لاکھ ہلاکتیں ہوچکی ہیں جس میں روس کے 20 ہزار فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ جنگ کےدوران روس کے 80 ہزار فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
جان کربی نے یوکرین کے حوالے سے کہا کہ وہ یوکرین کی ہلاکتوں کا تخمینہ نہیں لگارہے کیونکہ وہاں متاثرین موجود ہیں۔
اس موقع پر جان کربی نے روس کو جارح مزاج ملک قرار دیا۔
روسی فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں میں سے نصف کا تعلق روس کی نجی فوجی کمپنی(ویگنر میرسینری ) سے ہے جو یوکرین کے مشرقی علاقے باخموت شہر پر حملے کررہی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال سے روس اس چھوٹے سے شہر پر قابض ہونے کی کوشش کررہا ہے اور روس شہرکے زیادہ تر حصے پر قابض ہے لیکن یوکرین کا اس شہر کے مغربی حصے پر تاحال کنڑول برقرار ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین حکام کا کہنا ہےکہ وہ اس جنگ کو زیادہ سے زیادہ روس کے فوجیوں کو مارنے اور اس کے ذخائر کو ختم کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔