حکومت میں رہنا چاہیے یا پھر حکومت چھوڑ دینا چاہیے؟،مریم نواز

307

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے کے شرکاء سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی کی ہوئی تباہی کا ٹوکرہ مسلم لیگ ن کو اپنے سر پر رکھنے کی ضرورت ہے؟ حکومت میں رہنا چاہیے یا پھر حکومت چھوڑ دینا چاہیے؟

سرگودھا میں مریم نواز نے جلسے کے شرکاء سے کہا کہ میں آپ کے ساتھ ہوں، ایسی حکومت کو، عمران خان جیسی حکومت کو جہاں روز لوگوں پر مہنگائی کا طوفان ٹوٹے، مہنگائی کی قیامت ٹوٹے، اس حکومت کو خیرباد کہنا بہتر ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو خیرباد کہہ دو اور عوام کے میدان میں آجاؤ اور مقابلہ کرلو۔

مریم نواز نے پھر سوال کیا کہ اگر نواز شریف آپ کے لیے یہ حکومت چھوڑتا ہے تو کیا آپ آئندہ 5 سال کے لیے اس کو دو تہائی اکثریت دو گے؟

انہوں نے کہا کہ سرگودھا نواز شریف سے عشق کرنے والوں کا شہر ہے، کہا جاتا تھا نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی۔

مریم نواز نے کہا کہ آج نواز شریف سے کہا جارہا ہے واپس آجاؤ، نواز شریف نے ضرب عضب اور رد الفساد لڑی، سیکیورٹی فورسز سے مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ ایک کھلنڈرے، اناڑی، نا اہل اور نا لائق کو 22 کروڑ عوام پر مسلط کردیا گیا، ساڑھے تین سال میں معیشت تباہ ہو کر وینٹی لیٹر پر چلی گئی، ساڑھے تین سال میں ایک اینٹ لگائے بغیر پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ چار سال میں پاکستان کو تباہ کرنے والا پوچھتا ہے چار ہفتوں میں شہباز شریف نے کیا کیا؟ چار ہفتوں سے شہباز شریف کی حکومت ہے، نالائق 40 تقریریں کرچکا لیکن ایک منٹ اپنی کارکردگی پر نہیں بول سکا، ازل کے جھوٹے نے 35 پنکچر کا ڈراما لا کر ثبوت نہیں دیا، جھوٹے نے جعلی خط اور غیر ملکی سازش کا ڈراما کیا، ثبوت نہیں دیا، جھوٹے نے قتل کرنے کی سازش کا ڈراما لا کر بھی ثبوت نہیں دیا، جھوٹے خان کے پاس اپنے کسی ڈرامے کے ثبوت نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمہیں کہا آلو ٹماٹر مہنگے ہیں تو اس نے کہا آلو ٹماٹر کے ریٹ ٹھیک کرنے نہیں آیا، نواز شریف اور شہباز شریف تمہاری طرح نہیں، وہ آلو پیاز کے ریٹ ٹھیک کرنے آئے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان تم نے مریم نواز شریف کو نہیں پنجاب کی ہر بیٹی کو گالی دی ہے، تم نے پاکستان کی ہر بیٹی کو گالی دی ہے، مریم کے پاس جب کوئی غیر ملکی آتا ہے تو اس وقت مریم پاکستانی ہوتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ  عمران خان ایک فتنے کا نام ہے،اسےروکنا چاہیے،پرورش نہیں کرنا چاہیے، پاکستان کی آستین میں چھپے فتنے کا نام عمران خان ہے، عمران خان فتنے کو جس نے دودھ پلایا اسے ہی ڈس لیا، عمران خان وہ ناسور ہے جس کا دوسرا نام پاکستان کی تباہی ہے، جب تک عمران جیسا فتنہ ہے،خون سے لکھ کردیتی ہوں پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، اس وقت سے ڈرو جب پنجاب کی ماؤں، بیٹیوں کے ہاتھ تمہارے گریبان تک پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کھولے تو جانبدار ہے، کہتا ہے میڈیا میرے جھوٹوں کوسپورٹ کرے تو ٹھیک ورنہ غیرملکی ایجنٹ،  کہتا ہے جب تک کرسی پر بیٹھا رہوں تو پاکستان زندہ باد، اسے کرسی سے ہٹا دیا جائے تو کہتا ہے پاکستان پر ایٹم بم گرادو، شہبازشریف کے خلاف سومو ٹونوٹس لیا تو بڑی مہربانی، بشیر میمن کے الزام پر بھی سوموٹونوٹس ہونا چاہیے، شہزاد اکبر کے خلاف بھی سوموٹونوٹس ہونا چاہیے، ایک سو موٹو نوٹس فارن فنڈنگ پر بھی ہونا چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.