جنوب مغربی جاپان میں خطرناک سمندری طوفان کے پیشِ نظر 40 لاکھ شہریوں سے انخلا کی اپیل
جنوب مغربی جاپان میں طاقتور سمندری طوفان ’نانماڈول‘ خطے کی جانب بڑھنے کے پیش نظر حکام نے 40 لاکھ سے زائد شہریوں سے انخلا کی اپیل کی ہے جبکہ ہزاروں لوگ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) نے کاگوشیما اور میازاکی علاقوں کے لیے ایک خصوصی انتباہ جاری کیا ہے جو صرف کئی دہائیوں میں ایک بار دیکھے جانے والے حالات کی پیش گوئی کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔
آج صبح شدید بارش اور تیز ہواؤں نے جاپان کے جنوبی جزیرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، کاگوشیما، کماموٹو، ناگاساکی اور میازاکی میں تقریباً 98 ہزار گھرانے بجلی سے محروم ہوچکے ہیں۔
طوفان کے گزر جانے تک ٹرینیں، پروازیں اور آبی جہاز منسوخ کر دیے گئے ہیں، حتیٰ کہ ہر صورت 24 گھنٹے کھلے رہنے والے اسٹورز بھی بند کیے جا رہے ہیں۔