تائیوان کی علیحدگی روکنےکیلئے آخری حد تک جائینگے، چین کا دو ٹوک پیغام
چینی وزیر دفاع وی فینگ ہی نے امریکا کو خبردارکیا ہےکہ چین تائیوان کی علیحدگی روکنےکے لیے آخری حد تک جائےگا۔
سنگاپور میں ہونے والی شنگریلا ڈائیلاگ سکیورٹی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیردفاع نے امریکا کو دو ٹوک پیغام دے دیا۔
چینی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے چینی مسلح افواج کے عزم اور صلاحیت کو کم نہیں سمجھنا چاہیے، چین کو منقسم کرنے کے لیے تائیوان کی علیحدگی کی حمایت کرنے والوں کا اچھا انجام نہیں ہوگا۔
وی فینگ ہی کا کہنا تھا کہ امریکا چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت روکے اور چین کے مفادات کو نقصانات پہنچانا بند کرے۔
خیال رہےکہ چینی وزیر دفاع کا بیان سنگاپور میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، اس سے قبل امریکا نے چین پر تائیوان کے نزدیک اشتعال انگیز اور عدم استحکام پیدا کرنے والی فوجی سرگرمیوں کا الزام لگایا تھا۔