بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹوبورڈ نے پاکستان کیلئے تین ارب ڈالرکے سٹینڈبائی معاہدہ کی منظوری دیدی

303

اسلام آباد۔(اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹوبورڈ نے پاکستان کیلئے تین ارب ڈالرکے سٹینڈبائی معاہدہ کی منظوری دیدی۔

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے بدھ کواپنے ٹویٹ میں کہاہے کہ الحمدللہ آئی ایم ایف کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالرکے سٹینڈبائی معاہدہ کی منظوری دیدی۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیاہے کہ ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے سٹینڈبائی معاہدہ کی منظوری دیدی ہے۔

بیان میں کہاگیاہے کہ یہ معاونت پاکستان کے لیے مشکل اقتصادی موڑ پر فراہم کی گئی ہے پاکستان کی معیشت کو تباہ کن سیلاب، مالیاتی اور بیرونی خسارے، اورافراط زر جیسی مشکلات کا سامنا تھا۔ آئی ایم ایف پروگرام ملکی اور بیرونی عدم توازن کو دور کرنے کے لیے پالیسی اور کثیر جہتی اور دو طرفہ شراکت داروں کی مالی مدد کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرے گا۔

آئی ایم ایف پروگرام مالی سال 2024کے بجٹ کے موثر نفاذ کو یقینی بنائیگا تاکہ پاکستان کی ضروری مالیاتی ایڈجسٹمنٹ کو آسان بنایا جا سکے اور اہم سماجی اخراجات کو محفوظ بناتے ہوئے قرض کی پائیداریت کو یقینی بنایا جا سکے۔علاوہ ازیں بیرونی جھٹکوں کو برداشت کرنے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مارکیٹ کی بنیاد پرایکسچینج ریٹ کا تعین بھی پروگرام کا اہم مقصد ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان کوفوری طورپر1.2 ارب ڈالر کی معاونت فراہم کی جائیگی ۔ بقیہ رقم دو سہ ماہی جائزوں سے مشروط ہے جو پروگرام کی مدت میں مرحلہ وار ادا کی جائے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.